اشرف رفیع
غالب کی ایک نئی شرح
غالب بہت پرانے شاعر نہیں ہیں لیکن اب تک غالب کا مطالعہ جن جن نقاط نظر سے کیاگیایا ان کے بعد کی نسلوں نے انہیں جس جس روپ میں دیکھا، سمجھا اور سمجھایاہے۔ اس سے پتا چلتاہے کہ غالب کی فکر میں نہ صرف غیر معمولی تنوع ہے بلکہ ان کی شخصیت میں مختلف زمانوں میں مختلف انداز سے دیکھے اور سمجھے جانے کا عجیب و غریب طلسم موجود ہے۔ غالب کو سمجھنے کاوہ زمانہ تھاجب ان کی بات وہ سمجھتے تھے یا خدا سمجھتا تھا او راب یہ بھی زمانہ ہے کہ شارحین غالب آگہی کا دام شنیدن بچھائے جارہے ہیں مگر ابھی تک غالب کے عنقائے مدعا کو گرفتار کرنے میں کوئی بھی کامیاب نہیں ہوا۔
غالب نے اپنے خطوط میں اپنے بعض اشعار کی تشریح کی ہے۔ یعنی اپنے کلام کی سب سے پہلے شرح خود غالب نے کی ہے۔ غالب کے بعد حالی نے ’مقدمہ شعروشاعری‘ اور ’یادگار غالب‘ میں غالب کے کلام کو سمجھانے کی کوشش کی۔ حالی کے بعد یہ سلسلہ دراز ہوتاگیا۔ چیدہ چیدہ اشعار کی شرح کو نظر انداز کربھی دیں تو غالب کے شارحین کی تعداد سترکے قریب پہنچ جاتی ہے۔ 1921 میں دیوان غالب جدید المعروف بہ نسخہ حمیدیہ کا پہلا ایڈیشن مرتبہ مفتی محمد انوارالحق سامنے آیا تو فہم غالب کے نئی جہتوں کے امکانات روشن تر ہوتے گئے۔ غالب کا مروجہ دیوان در حقیقت ان کے سہل ترین اشعار کا انتخاب ہے۔ نسخہ حمیدیہ سامنے آیاتو اندازہ ہواکہ غالب کے اُن اشعار کی تو شرح ہوئی ہی نہیں جو حقیقتاً تشریحِ طلب ہیں۔ غالب کی جتنی شرحیں 1940 تک لکھی گئیں تھیں وہ صرف ان کے مروجہ دیوان کی شرحیں تھیں۔ حیدرآباد کی ایک نامور علمی ادبی شخصیت سید ضامن کنتوری نے سب سے پہلے نسخہ حمیدیہ کی شرح لکھی۔ اپنے ”پیش حرف“ میں وہ لکھتے ہیں کہ عزیزوں اور دوستوں کی فرمائش اور اصرار پر انہوں نے نسخہ حمیدہ کی شرح کی۔ اس کے بعد انہیں خیال آیاکہ متعارف دیوان کی غزلیں رہ گئی ہیں انہیں بھی ادھورا کیوں چھوڑیں۔ ”ہوتے ہوتے یہ کام مکمل ہوگیا“۔ یہ کام انہوں نے سرسٹھ برس کی عمر میں مکمل کیا۔ اپنے ”پیش حرف“ میں اس کا اظہار کرتے ہیں کہ ”سرسٹھ برس کا فرسودہ دماغ اور جوان غالب کے کلام کی شرح!“ غالب کی شرح کرتے ہوئے اکثر شارحین نے کسی نہ کسی طرح اپنے عجز کا اظہار کیاہے، ضامن کنتوری بھی اس سے بری نہ رہ سکے وہ اپنی سرسٹھ برس کی عمر میں غالب کو جوان اور خود کو بوڑھا سمجھتے ہیں۔
سید محمد ضامن کنتوری ،کنتور کے ضلع بارہ بنکی میں پیداہوئے چھ سات برس کی عمر میں اپنے والد کنتوری کے ساتھ حیدرآباد آئے۔ عربی، فارسی ادبیات کے مطالعہ کے بعد انگریزی پڑھی زبان و ادب کابھی گہرا مطالعہ کیا۔ شعرفہمی اور سخن سنجی ورثے میں ملی تھی۔ شاعری کے ساتھ ساتھ علمِ عروض و قوافی میں والد کی رہنمائی حاصل تھی۔ اُن کی زندگی ہی میں استادِ فن کی حیثیت حاصل کرلی اردو اور فارسی دونوں زبانوں میں شعر کہتے تھے۔ انگریزی سے اردو میں ترجمہ کرنے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے تھے۔ دفتر بگی خانہ میں انگریزی کے مترجم ہوگئے۔ نیرنگ مقال (کلیات اردو) ار تنگ خیال (دیوان فارسی) طریق سعادت (نثر) بالک پھلواری(بچوں کی نظمیں) قواعد کنتوری (دوجلدوں میں) عبرت کدہ سندھ (تاریخ) ارمغان فرنگ (انگریزی شعراءکا تذکرہ اور ان کی نظمو ںکے تراجم) شہید وفا (نظم کا ترجمہ) اور آوارہ وطن (گولڈ اسمتھ کی نظم کا ترجمہ) ان کا وقیع سرمایہ فکر و فن ہے۔ ایک ادبی رسالہ لسان الملک (1922) میں نکالنا شروع کیاتھاجو زیادہ عرصہ نہ چل سکا۔
ضامن کنتوری کو نہ صرف عربی فارسی اور انگریزی ادبیات پر عبور حاصل تھا بلکہ وہ تاریخِ عرب، ایران و ہند پر بھی گہری نظر رکھتے تھے۔ ان کی فکر مجتہدانہ اور منطق و فلسفہ کی مستحکم بنیادوں پر قائم تھی۔ ان میں غالب کے عہد، ان کے فن اور مرتبہ فکر کو سمجھنے کی زبردست صلاحیت تھی جس کی وجہ سے ان کی شرح اپنے عصر کی بیشتر شرحوں میں وسعت فکر، ندرتِ توجیہہ اور معروضیت کی وجہ سے وقیع تر ہوگئی ہے۔ اکثر شارحین نے اپنی شرحیں رسائل اور اخبارات میں شائع کی ہیں مگر ضامن کنتوری کی یہ شرح ابھی تک منظر عام پر نہ آسکی۔ اس شرح کا تعارف سب سے پہلے ڈاکٹر ضیاءالدین شکیب نے 1969 میں اپنی مرکة الآرا تصنیف ”غالب اور حیدرآباد“ میں کروایاتھا۔
شرحِ ضامن میں غزلوں کی جملہ تعداد (376) ہے جبکہ نسخہ حمیدیہ میں جملہ (275) غزلیں شامل ہیں۔ سہ شنبہ 21 اگست 1934 کو غزلوں کی شرح مکمل ہوئی۔ اس کے بعد قصائد، مثنوی، قطعات اور رباعیات کی شرح سہ شنبہ 25 دسمبر 1934 کو پائے تکمیل کو پہنچی۔ یہ معلوم نہ ہوسکاکہ شرح لکھنے کا آغاز کب ہوا اور شرح کتنے عرصے میں مکمل ہوئی۔ بہرحال اس شرح کے مطالعہ سے اندازہ ہوتاہے کہ شرح طباطبائی کے بعد کئی اعتبار سے یہ ایک معتبر شرح ہے۔ اس کے کئی اسباب ہیں۔ چند اہم اسباب و نکات پر یہاں روشنی ڈالی جاتی ہے۔
1۔ ضامن کنتوری نے تفہیم و تشریح کا بارگراں خود اٹھایاہے۔ اکثر اشعار کی تشریح کئی صفحات پر محیط ہے۔ ان کا مطلب مختلف زاویوں سے سمجھانے کی کوشش کی ہے۔
2۔ بعض اشعار کی شرح میں سخن سنجی کا بوجھ قاری پر ہی ڈالاہے۔ مثلاً
زلف سیہ افعی نظر بد قلمی ہے
ہرچند خط سبز و زمرد رقمی ہے
کی شرح میں لکھتے ہیں ”اس شعر کے الفاظ تو نہایت قیمتی اور چمکدار ہیں لیکن ان میں بہم کیا ربط ہے؟ اور معنی شعر کے کیا ہیں؟ اسے سمجھنے والے ہی سمجھیں گے“
3۔ کئی مقامات پر شرح کرنے کے ساتھ ساتھ مشروحہ شعر کے ہم معنی اشعار فارسی کے معروف شاعرو ںکے کلام سے نقل کےے ہیں، تاکہ غالب کی تفہیم میں آسانی ہو اور قاری کا ذہن وسعت پاسکے۔ ان شاعروں میں بیدل، نظیری، عرفی، خاقانی، قاآنی، بلخی، سعدی، حافظ اور مولانا روم سے استفادہ کیا ہے۔
4۔ جہاں بطور دلیل ،مثال یابرائے تفہیم مزید فارسی اشعار لائے ہیں بیشتر مقامات پر ان کا ترجمہ بھی کردیاہے۔
5۔ فارسی میں شرح نویسی کی جو طاقتور روایت کارفرمارہ چکی ہے وہ کثیرالجہات تھی یعنی شرح لکھنے والا شعر کا مفہوم لکھنے کے ساتھ اس شعر سے متعلق ضروری نکات بھی لکھتا جاتا تھا، یہی انداز اس شرح کا بھی ہے۔ اشعار کی شرح کے ذیل میں زبان و بیان محاورہ دلی و لکھنو، بلاغت و فصاحت، عروض و قافیہ، فلسفہ و منطق کے بہت سے مسائل بکھرے ہوئے ہیں۔ مثلاً اس شعر میں:
بے پردہ سوئے وادی مجنوں گزر نہ کر
ہر ذرے کی نقاب میں دل بے قرار ہے
“نقاب“ کی تذکیر و تانیث میں لکھنو اور دلی کے فرق کی نشاندہی کی ہے، کہتے ہیں: ”نقاب کو چاہے مونث پڑھےے یا چاہے مذکر، اس لےے کہ لکھنو میں تانیث اور دہلی میں اب بھی بہ تذکیر بولتے ہیں“۔
آگے چل کر شرح کے ختم پر کہتے ہیں ۔”بے پردہ کا لفظ اس شعر میں محض نقاب کی رعایت سے استعمال ہواہے لیکن بے محل ہے“۔
مآل اچھاہے، سال اچھاہے والی غزل کے ایک شعر میں تنافر لفظی کی شکایت اس طرح کی ہے۔
ہم سخن تیشہ نے فرہاد کو شیریں سے کیا
جس طرح کا کہ کسی میںہو کمال اچھا ہے
شرح میں لکھتے ہیں ”صاف شعر ہے مصرع ثانی میں تین کاف کا، کہ، کسی یکجاہوگئے ہیں“۔
6۔ اشعار کاوہی مفہوم عموماً لکھاگیاہے جس پر شعر کے الفاظ، ظاہری طورپر دلالت کرتے ہیں ایسی قیاس آرائی کو دخل نہیں دیاگیاہے جس کا تعلق شرح لکھنے والے کی اپنی جولانی طبع او رنکتہ آرائی سے ہوتاہے۔
7۔ اس شرح کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ انہو ںنے کلام غالب کے سارے الفاظ کی بہ استناد صراحت کردی ہے۔ خواہ وہ الفاظ آسان ہوں کہ مشکل اور ساتھ ہی متروک الفاظ کی بھی نشاندہی کی ہے۔ اس شرح سے مدد لے کر فرہنگِ غالب مرتب کی جاسکتی ہے۔
8۔ غزل کی زبان اشارات کی زبان ہے۔ ان اشارات کا زندگی پر کب؟ کہاں اور کیسے اطلاق ہوتاہے جب تک اس کی وضاحت نہ ہو شعر کا صحیح عرفان حاصل نہیں ہوسکتا۔ ضامن کنتوری نے اس کی پوری کوشش کی ہے کہ ہر شعر کو زندگی کی تجربہ گاہ میں لاکے دیکھیں۔ مبالغہ آمیز اور پیش پا افتادہ تجربات پر انہوں نے صاف اعتراض کردیاہے۔ غالب کے اس مشہور شعر پر انہو ںنے بڑی سخت تنقید کی ہے:
پلادے اوک سے ساقی جو مجھ سے نفرت ہے
پیالہ گر نہیں دیتا نہ دے، شراب تو دے
ان کی تنقید نہ لسانی ہے نہ فکری بلکہ طبقاتی تہذیب پر ہے۔طویل تشریح کے بعد دو ٹوک لہجے میں کہتے ہیں ”بہرحال یہ شعر کہنے کا نہیں تھااو رنہ اِسے شعر کہہ سکتے ہیں ہاں نظم واقعہ ہے“ اسی غزل کے مقطع پر طباطبائی نے محاورے اور زبان کی بحث کی ہے۔ ضامن کنتوری نے زبان اور محاورے کا کوئی مسئلہ نہیں اٹھایا بلکہ صاف صاف کہہ دیاکہ ”یہ بھی غزل کا شعرنہیں ہے اور کسی واقعہ پر مبنی معلوم ہوتاہے۔اگر غالب کہنا چاہتے تو اس سے بہتر پہلو نکال سکتے تھے“۔
ان اشارات سے اندازہ کیا جاسکتاہے کہ ضامن کا تنقیدی نقطہ نظر زندگی سے دوری پسند نہیں کرتااو ریہ بھی کہ وہ غالب سے مرعوب نہیں بلکہ انہیں اصلاح دینے کی جرات بھی کرسکتے ہیں اور بھی کئی اشعار کی شرح میں یہی ان کا واضح اور متاثر کن رویہ ہے۔
10۔ ایک اور شعر ہے جس کی شرح میں وہ غالب پر اعتراض کرتے ہیں۔ شعر ہے:
نہ پوچھ حال، شب و روز ہجر کا غالب
خیالِ زلف و رخِ دوست صبح و شام رہا
شرح میں صرف اتنا لکھتے ہیں ”زلف و رخ کو شب و روز سے تشبیہہ دینا مقصود ہے“ آگے کڑا اعتراض کرتے ہیں کہ ”او ریہ تشبیہہ درجہ ابتذال کو پہنچ گئی ہے“ یعنی تشبیہہ کے اس گئے گزرے معیار کی وہ غالب سے توقع نہیں رکھتے اس لےے اس کی مزید تشریح بھی انہوں نے گوارانہیں کی۔
۱۱۔ ضامن کنتوری نے بعض اشعار کی تعریف میں بھی کوئی کمی نہیں کی ہے۔ کہیں کہیں پوری غزل کوبھی سراہاہے۔اس تعریف و تحسین میں انہو ںنے فنی محاسن کے ساتھ ساتھ جذباتی بہاوکو بھی پیش نظر رکھاہے۔ اس موقع پر غالب کی مشہور غزل ”کوئی دن اور“ کی مثال دی جاسکتی ہے۔ لکھتے ہیں ”غالب کی یہ غزل جذباتی شاعری کی بے نظیر مثال ہے، صرف یہی ایک غزل کسی شاعر کے کمال شاعری اور صحتِ ذوق کو ثابت کرنے کے لےے کافی ہے‘ ایک اور شعر:
غم کھانے میں بودا دل ناکام بہت ہے
یہ رنج کہ کم ہے مئے گلفام بہت ہے
اس میں بندش کی تعریف کی ہے” اس شعر کی بندش مستحق ہزار آفریں ہے اگرچہ ہے کچھ نہیں، صرف لفظوں کی الٹ پھیر ہے“
12۔ بعض فلسفیانہ اور صوفیانہ مزاج کے اشعار کی تشریح میں گئے بغیر صرف شعر کی ندرت زبان و بیان کی تعریف کردی ہے جیسے اس شعر کی شرح:
قطرہ میں دجلہ دکھائی نہ دے اور جزو میں کل
کھیل لڑکوں کا ہوا دیدہ بینا نہ ہوا
میں طباطبائی نے بھی اختصار سے کام لیاہے۔ ضامن کنتوری نے صرف ایک ترکیب کی وضاحت کی ”دیدہ بینا چشم عارف“ اور صرف اتنا کہہ دیا مضمون پرانا ہے مگر بندش نئی اور بالکل نئی ہے۔
13۔ شرح نویسی میں ضامن کنتوری کا بنیادی رجحان نفس مضمون تک پہنچنے کا ہے اس کے لیے مشکل الفاظ کے معنی دےے ہیں پھر اصطلاحات، تلمیحات، تراکیب اور روایات کی وضاحت کی ہے لیکن جہاں انہوں نے ایسی وضاحت کو ضروری نہیں سمجھا وہاں صرف نفس مضمون کی طرف اشارہ کردیا۔ کہیں صرف اصطلاحات کی وضاحت کرکے بات ختم کردی جیسے یہ شعر:
نامہ بھی لکھتے ہو تو بہ خطِ غبار، حیف
رکھتے ہو مجھ سے اتنی کدورت ہزار حیف
شرح کے بغیر اتنا لکھ دیا ”خط غبار اقسام خط سے ہے جن کی پاشانی میں غبارکی صورت پیدا ہوتی ہے جیسے خط ریحان، خط گلزار، خط طغرا وغیرہ“
14۔ شرح نویسی کے دوران جہاں جہاں املا، تلفظ اور نئے الفاظ کے تعارف کے مسائل آئے ہیں وہاں وہاں انہوں نے ان مسائل کی تشریح بھی کردی ہے۔ مثلاً ’پھر کچھ اک دل کو بے قراری ہے‘کے قطع کی تشریح میں جو بحث کی ہے وہ قابل توجہ ہے۔
15۔ نسخہ حمیدیہ کے بعض اشعار پر جنہیں متداول دیوان میں شامل نہیں کیاگیا”نظری“ کرنے کے اسباب کی تلاش بھی کی ہے جیسے مندرجہ ذیل شعر میں تشریح کے بعد ”شعر کو نظری کرنے کا باعث“ بتلایاہے:
شوخی مضراب جولاں آبیار نغمہ ہے
ہر گریز ناخن مطرب بہار نغمہ ہے
”شعر کو نظری کرنے کا باعث یہ معلوم ہوتاہے کہ جولاں مصدر ہے۔ اس کو صفت (اسم فاعل) کی جگہ استعمال کیاہے لیکن چاہتے تو پس و پیش سے سیدھا کرلیتے اس طرح: شوخی، جولانِ مضراب الخ“
16۔ ضامن کنتوری نے قواعد کنتوری دو جلدوں میں لکھی ہے جس سے اندازہ ہوسکتا ہے کہ اس فن میں ان کی نظر کتنی گہری ہے۔ شاید اسی لےے جہاں جہاں موقع ملتاہے فن عروض کے رموز اور فصاحت و بلاغت کے مسائل بیان کرنے سے بھی وہ نہیں چوکتے۔ شارحین غالب میں یہ جرات مندانہ رویہ سب سے پہلے ہمیں طباطبائی کے یہاں ملتاہے۔ ضامن کنتوری بھی اس معاملے میں طباطبائی سے کم نہیں۔ ایسے میں وہ تشریح کی طرف زیادہ دھیان نہیں دیتے چنانچہ
بہ نالہ حاصل دل بستگی فراہم کر
متاع خانہ زنجیر کی صدا معلوم
اس شعر کی تشریح پر اتنی توجہ نہیں کی جتنی فکر سخن کے مراحل پر۔ آمد و آورد کے مسئلے پر ایک تفصیلی بحث کے علاوہ فصاحت و بلاغت کے رموز کی تشریح کرتے ہوئے شعر کے مدارج متعین کےے ہیں۔ فصاحت و بلاغت کی مختصر اور دلچسپ تعریف اس طرح کی ہے ”بلاغت سوچو اور لکھو، فصاحت لکھو اور سوچو“ پھر کلام کی سجاوٹ کے لےے زرین مشورہ دیتے ہیں کہ اپنے کلام پر کلام غیر کی طرح نکتہ چینی کے لےے دماغ کو آمادہ کریں“ ان تمام مسائل کے منجملہ شعر کی تشریح چار پانچ صفحات پر محیط ہے۔
عجب نشاط سے جلاد کے چلے ہیں ہم آگے
کہ اپنے سائے سے سر پانو سے ہے دو قدم آگے
اس شعر کی شرح میں تقطیع کرتے ہوئے عروضی بحث کی ہے اور تعقید پر اعتراض کیاہے۔ بحث ملاحظہ ہو۔
”عجب نشا=مفاعیلن؛تَ سِ جلّا=فعلاتن؛ دَ کے چلے= مفاعلن؛ ہَ ہم آگے= فعلاتن بحر محتبث مثمن مجنون الارکان۔ اصل اس بحر کی دایرہ میں مُس تفع لن فاعلاتن فاعلاتن ہے۔ فارسی والوں نے آخری رکن کو گراکر مس تفع لن فاعلاتن کو چاربار کرلیا۔ اس طرح یہ چھ رکن کی بحر آٹھ رکن ہوگئی یعنی مُس تفع لن فاعلاتن مس تفع لن فاعلاتن ایک مصرع اور پھر مُس تفع لن فاعلاتن مُس تفع لن فاعلاتن دوسرا مصرع۔ اس غزل کے وزن میں زحاف خُبن کا عمل کیاہے یعنی مُس کا س اور فا کی الف ہر جگہ سے گرادیا ہے۔ نشاط=بالفتح خوشی و شادمانی۔ پہلے مصرع میںنہایت ناگوار تعقید واقع ہوئی ہے۔ کہتا ہے کہ ہم کو اپنے قتل کی ایسی خوشی ہے کہ مقتل جارہے ہیں تو ہمارے سرکاسایہ پانو کے سائے سے دو قدم آگے آگے چلتاہے۔ اگر آفتاب رہرو کی پشت پر ہوتو سایہ سامنے پڑتاہے۔ اس کیفیت سے شاعر نے یہ مضمون پیداکیاہے جو ایک لطیفہ شاعرانہ ہے“۔ ”اسی طرح ”اڑتی پھرے ہے خاک مری کوے یا رمیں“ کی شرح میں حشو کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی ہے۔
16۔ غالب کے دیوان کا مطلع غالب فہمی میں بڑی اہمیت رکھتاہے۔ تمام شارحین نے اسے اپنے اپنے طورپر سمجھنے اور سمجھانے کی کوشش کی ہے۔خود مرزا غالب نے سب سے پہلے اس طرف توجہ کی اس کے باوجود شارحین کو کہنا پڑا ”المعنی فی باطن الشاعر“ عقدہ کھلا کہ عقدہ نہیں کھلا۔ ضامن کنتوری نے اس شعر کی تہہ داری اور لفظوں کی پرتیں کھولنے کے بجائے صرف لفظ ”نقش“ پر فکر کو مرکوز کیاہے۔ نقش پرہستی کا اطلاق کرکے عالم مشیت کی عقدہ کشائی کی ہے۔ دیگر شارحین نے اس شعر کے ایک ایک لفظ سے بحث کی ہے اس کے باوجود شعر سلجھنے کے بجائے الجھتا ہی گیا۔ ضامن کنتوری نے صرف ایک متصوفانہ پہلو پر غور کیاہے۔ طویل بحثوں سے قطع نظر طباطبائی کا نام لئے بغیر کہہ دیاکہ ”نقش اپنی ہستی کی بے اعتباری او ربے توقیری کا شاکی ہے پھر اب اعتراض ہی کیاباقی رہا“
18۔ جہاں صوفیانہ مسائل آئے ہیں ضامن کنتوری ان کی بڑی تفصیل میں نکل گئے ہیں احادیث و آیات سے مدد لے کر صوفیانہ مسائل کی وضاحت کی ہے۔ کئی جگہوں پر صوفیانہ اصطلاحات اور استعاروں کے روایتی استعمال کا مذاق بھی اڑایاہے۔جیسے
شکستِ رنگ کی لائی سحر، شبِ سنبل
پہ زلفِ یار کا افسانہ ناتمام رہا
اس شعر کی تشریح کے بعد مصرع اولی کی تازہ ونادر ترکیب کی تعریف کرتے ہوئے زلف دراز کے افسانے کی حیثیت کے بھید کھولتے ہوئے لکھتے ہیں ”یہ شعرائے متصوفین کی نہایت بھونڈی نقالی ہے۔ ان کی اصطلاح میں زلف سے مراد صفات باری ہیں۔ زلف ان معنوں میں ہوتو اس کی درازی کا حساب ہی کیا۔ صفات باری کی داستاں کہیں ختم بھی ہوسکتی ہے“
قطرہ میں دجلہ دکھائی۔۔۔الخ والے شعری میں صرف اتنا لکھ دیتے ہیں کہ مضمون پراناہے مگر بندش نئی اور بالکل نئی ہے۔
مرزا غالب مستقبل کے نقیب ہیں۔ ان کے اشعار جتنے کھلتے جاتے ہیں اتنے ہی الجھتے بھی جاتے ہیں۔اسی لےے جتنی شرحیں غالب کی منظرعام پر آئی ہیں اتنی آج تک اردو کے کسی شاعر کی نہیں لکھی گئیں۔ ضامن کنتوری کی یہ شرح سات نوٹ بکس کے (1308) صفحات پر مشتمل ہے۔ پہلی دو جلدیں نہایت صاف اور خوش خط لکھی ہوئی ہیں تیسری جلد کی دوکاپیاں ہیں۔ جن میں شامل تشریحات کی جگہ جگہ تصحیح، ترمیم اور اضافہ کیاہے۔ کچھ حصوں کو قلم زد بھی کردیاہے۔ چوتھی جلد میں (386) غزلیات کا حصہ تمام ہوتاہے اسی جلد کے آخری آٹھ صفحات پر قصائد و متفرقات کا سلسلہ شروع ہوتاہے جو پانچویں جلد پر ختم ہوتاہے اس کے آخری صفحہ (1308) پر ترقیمہ میں ہجری فصلی اور عیسوی تاریخِ تکمیل دی گئی ہے۔ عیسوی تاریخ 25 دسمبر 1934 روز سہ شنبہ ہے پیش حرف میں انہو ںنے صاف صاف لکھاہے کہ سرسٹھ سال کی عمر میں یہ شرح لکھی گئی ہے تو اس حساب سے ان کا سنہ پیدایش 1867 ہوتاہے۔ اس شرح کی تکمیل کے تقریباً دس سال بعد یعنی 1944، ستہتر برس کی عمر میں ان کا انتقال ہوتاہے۔
ضامن کی شرح کا یہاں جو تعارف پیش کیاگیاہے وہ انتہائی مختصر مگر کئی لحاظ سے ضروری تھا۔اس اختصار میں بہت سی خوبیاں زیر بحث آنے سے رہ گئیں تفصیل کے خیال سے نمونے اور حوالے بھی زیادہ نہیں دےے جاسکے مگر ان اشاروں سے شارح کے علمی مقام و مرتبہ، غالب فہمی میں ان کی پیش رفت کا اندازہ ہوتاہے۔ یہ ضخیم شرح ضامن کنتوری کو غالبیات کے میدان میں ہمیشہ زندہ رکھے گی۔