Print Friendly, PDF & Email

ہم سب ڈرامہ گروپ کے زیر اہتمام محفل قصہ خوانی کا آغاز

غالب انسٹی ٹیوٹ کی ذیلی شاخ ہم سب ڈرامہ گروپ کے زیر اہتمام ایک آن لائن قصہ خوانی سریز کا آغاز کیا گیا۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے تعارفی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ غالب انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا مقصد ادبی اور ثقافتی رجحان کو فروغ دینا ہے۔ہم سب ڈرامہ گروپ اس ادارے کی ذیلی شاخ ہے جو مختلف عنوان سے ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔ اس گروپ کی چیر پرسن ڈاکٹر رخشندہ جلیل صاحبہ نے اس ذیلی شاخ کی فعالیت میں خصوصی دلچسپی لی ہے جس کے سبب اب تک بہت کامیاب پروگرام منعقد ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل ہم دو پروگرام کی سلسلہ وار نشست منعقد کر چکے ہیں۔ملاقات ایک فنکار سے عنوان کے تحت ایک سریز آن لائن نشر ہوئی جس میں ڈرامے کی دنیا سے وابستہ بہت اہم شخصیات نے اپنے خیالات اور تجربات شیئر کیے۔ دوسری سریز ڈرامائی قرات تھی جس میں معروف داستان گو محترمہ فوزیہ داستان گو صاحبہ نے چچا چھکن نے تصویر ٹانگی کے عنوان سے داستانی قرات کی۔ یہ دونوں سریز بہت پسند کی گئیں اور ان کی کامیابی کے سبب ہی ہم آج سے نئی سریز محفل قصہ خوانی شروع کر رہے ہیں جس میں پروفیسر آصف نقوی، محترمہ ناہید محسنی، محترمہ عذرا نقوی اور جناب عارف نقوی قرة العین حیدر کی معروف تصنیف آخر شب کے ہم سفر کی داستانی انداز میں پیش کریں گے۔ تعارفی کلمات کے بعد پروفیسر آصف نقوی، محترمہ ناہید محسنی، محترمہ عذرا نقوی اور جناب عارف نقوی نے اپنے مخصوص انداز میں آخر شب کے ہم سفر کی قرات کی۔ اس پروگرام کو زوم ایپ اور غالب انسٹی ٹیوٹ کے فیس بک پیج پر نشر کیا گیا جسے ناظرین نے بہت پسند کیا۔

تصویر میں دائیں سے: جناب عارف نقوی، ڈاکٹر ادریس احمد، جناب مشتاق احمد، محترمہ عذرا نقوی، محترمہ ناہید محسنی، اور پروفیسر آصف نقوی
English Hindi Urdu