اردو کے ممتاز شاعر مرزا غالب کے یوم وفات پر ’یوم غالب‘ کا انعقاد

انجمن ترقی اردو دہلی شاخ کے زیر اہتمام بہ اشتراک غالب انسٹی ٹیوٹ، غالب اکیڈمی، اور انجمن ترقی اردو ہند ’یوم غالب‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر چاروں اداروں کے سربراہان و اراکین اور محبان غالب نے غالب کے مزار پر گل پوشی اور فاتحہ خوانی کی۔ گل پوشی اور فاتحہ خوانی کے بعد غالب اکڈمی بستی حضرت نظام الدین میں ایک ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا ۔ جناب عبدالرحمن ایڈوکیٹ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ غالب اردو شاعری کا تابندہ ستارہ ہے اردو شاعری پر ان کا سب سے زیادہ اثر پڑا ہے۔غالب کی شاعری ایک لازوال اثر رکھتی ہے اور اسے جب بھی پڑھو ایک نیا تاثر ابھرتا ہے۔ استقبالیہ کلمات اقبال مسعود فاروق نے ادا کیے انھوں نے کہا کہ ہم ہر سال یوم غالب کا اہتمام کرتے ہیں اور اس موقع پر ان مفکرین کو مدعو کرتے ہیں جن کے افکار و خیالات علمی دنیا میں وقار رکھتے ہیں۔ جناب متین امروہوی نے مرزا غالب اور بیگم حمیدہ سلطان کے لیے منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔ غالب اکیڈمی کے سکریٹری ڈاکٹر عقیل احمد نے کہا کہ غالب کا کلام ہماری آزمائش بھی کرتا ہے میری خواہش ہے کہ نئی نسل غالب کا نام صرف فیشن کے طور پر نہ لے بلکہ اس کے اصل جوہر سے بھی واقف ہو۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے کہا کہ میں لمبے عرصے سے غالب کے مزار پر حاضر ہوتا رہا ہوں میں تمام مقررین اور حاضرین کا دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے اپنا قیمتی وقت ہمیں دیا اور اس پروگرام کو کامیاب بنایا۔ اس موقع پر جناب جگمیت نوربو خیال لداخی کے مجموعہ کلام کی رسم رونمائی عمل میں آئی۔ اس کے بعد ایک طرحی مشاعرہ ہوا جس کی صدرات جناب وقار مانوی اور نظامت جناب معین شاداب صاحب نے فرمائی۔ مشاعرے میں جناب وقار مانوی، جناب ظفر مرادآبادی، جناب متن امروہوی، جناب اسد رضا، جناب سید راشد حامدی، جناب صہیب احمد فاروقی، جناب اقبال فردوسی، جناب شاہد انور، محترمہ آشکارا خانم کشف، محترمہ چشمہ فاروقی، جناب اقبال مسعودی ہنر، جناب نعمان جمال نے اپنا خوبصورت طرحی کلام پیش کیا۔

ہم سب ڈرامہ گروپ کے زیر اہتمام محفل قصہ خوانی کا آغاز

غالب انسٹی ٹیوٹ کی ذیلی شاخ ہم سب ڈرامہ گروپ کے زیر اہتمام ایک آن لائن قصہ خوانی سریز کا آغاز کیا گیا۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے تعارفی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ غالب انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا مقصد ادبی اور ثقافتی رجحان کو فروغ دینا ہے۔ہم سب ڈرامہ گروپ اس ادارے کی ذیلی شاخ ہے جو مختلف عنوان سے ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔ اس گروپ کی چیر پرسن ڈاکٹر رخشندہ جلیل صاحبہ نے اس ذیلی شاخ کی فعالیت میں خصوصی دلچسپی لی ہے جس کے سبب اب تک بہت کامیاب پروگرام منعقد ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل ہم دو پروگرام کی سلسلہ وار نشست منعقد کر چکے ہیں۔ملاقات ایک فنکار سے عنوان کے تحت ایک سریز آن لائن نشر ہوئی جس میں ڈرامے کی دنیا سے وابستہ بہت اہم شخصیات نے اپنے خیالات اور تجربات شیئر کیے۔ دوسری سریز ڈرامائی قرات تھی جس میں معروف داستان گو محترمہ فوزیہ داستان گو صاحبہ نے چچا چھکن نے تصویر ٹانگی کے عنوان سے داستانی قرات کی۔ یہ دونوں سریز بہت پسند کی گئیں اور ان کی کامیابی کے سبب ہی ہم آج سے نئی سریز محفل قصہ خوانی شروع کر رہے ہیں جس میں پروفیسر آصف نقوی، محترمہ ناہید محسنی، محترمہ عذرا نقوی اور جناب عارف نقوی قرة العین حیدر کی معروف تصنیف آخر شب کے ہم سفر کی داستانی انداز میں پیش کریں گے۔ تعارفی کلمات کے بعد پروفیسر آصف نقوی، محترمہ ناہید محسنی، محترمہ عذرا نقوی اور جناب عارف نقوی نے اپنے مخصوص انداز میں آخر شب کے ہم سفر کی قرات کی۔ اس پروگرام کو زوم ایپ اور غالب انسٹی ٹیوٹ کے فیس بک پیج پر نشر کیا گیا جسے ناظرین نے بہت پسند کیا۔

تصویر میں دائیں سے: جناب عارف نقوی، ڈاکٹر ادریس احمد، جناب مشتاق احمد، محترمہ عذرا نقوی، محترمہ ناہید محسنی، اور پروفیسر آصف نقوی

غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام آن لائن اردو فارسی کلاسز کا آغاز

غالب انسٹی ٹیوٹ نئی دہلی کے زیر اہتمام آن لائن اردو فارسی کلاسز کا آغاز 2 جنوری سے ہو گیا ہے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے اطلاع دی کہ غالب انسٹی ٹیوٹ چار ماہ کا اردو فارسی آن لائن کورس کرواتا ہے جس میں ابتدائی اردو و فارسی کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اس کورس کے اب تک چار بیچ ہو چکے ہیں جس میں بیرون ملک کے طلبہ بھی شریک رہے ہیں۔ اس کورس کا مقصد اردو، فارسی زبان اور رسم خط سے ناواقف حضرات کو ابتدائی تعلیم مہیا کروانا ہے۔ چونکہ بہت سے لوگ فرصت نہ ہونے کے سبب آف لائن کلاسز نہیں کر پاتے لیکن وہ اردو اور فارسی سیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کی سہولت کے پیش نظر یہ کورس تیار کیا گیا ہے۔ اس میں داخلہ لینے کے لیے عمر اور تعلیمی لیاقت کی کوئی قید نہیں ہے۔ یہ کلاسز شام پانچ سے چھ بجے تک زوم ایپ پر ہفتے میں پانچ دن (دوشنبہ سے جمعہ تک) کرائی جائیں گی۔ ہفتے کے ابتدائی تین روز (دوشنبہ، منگل اور بدھ) اردو کلاس ہوں گی اور آخری دو دن (جمعرات اور جمعہ) فارسی کلاس ہوں گی۔تدریسی فرائض حسب سابق جناب طاہر الحسن صاحب ادا کریں گے۔

English Hindi Urdu