Print Friendly, PDF & Email

Muzakira – Khalid Mehmood’s Book

پروفیسر خالد محمودایک اچھے استاد اور غالب شناس ہیں: جناب نجیب جنگ

نئی دہلی :غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام دومئی کو شام شہریاراں کے موقع پر پروفیسر خالد محمود ،سابق صدر،شعبہ اردو ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی تصنیف ’تفہیم وتعبیر‘پرمنعقد مذاکرے میں صدارتی تقریر کرتے ہوئے غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمان قدوائی نے کہا کہ خالد محموداس عہد کے اہم لکھنے والوں میں سے ایک ہیں۔ آج کاجلسہ آپ کی خدمات کے اعتراف کا ابتدائیہ ہے۔ میں تو یہی کہوں گا کہ اللہ کرے کہ وہ مسلسل لکھتے رہیں۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ خالد محمودبہت سنجیدگی اور توازن کے ساتھ نہ صرف زندگی گزارتے ہیں ۔بلکہ مضامین کے ساتھ بھی توازن واعتدال کارویہ روارکھتے ہیں ۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود دہلی کے سابق لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے کہا کہ خالد محمودمیرے عزیزاستادہیں۔ استاد کے ساتھ ساتھ میرے اچھے دوست بھی ہیں۔ ناممکن کو ممکن بنانا خالد محمود کو آتا ہے۔ میرے دل میں ان کے لئے بہت اہم مقام ہے۔ میں نے غالب کو خالد محمود سے پڑھا۔ خالد محمودنے صرف غالب کو ہی نہیں بلکہ مذہبی تعلیم سے بھی مجھے روشناس کرایا۔
پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ خالد محمود کے جو اوصاف بیان کیے گئے ان سب کی میں تائید، تصدیق اور توثیق کرتا ہوں۔ یہ غیر معمولی بات ہے کہ ہر عمر کے معاصرین نے خالد محمود کی ستائش کی، میں خالد محمودکی تعریف کرنے والوں کی بھی ستائش کرتاہوں۔وہ اردو زبان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اورزبان کے تلفّظ پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ اپنے ہم عصروں پر بھی خالد نے کشادہ دلی کے ساتھ لکھا ہے۔ خالد محمود نے ہمیشہ سبھی کے ساتھ محبت کا رشتہ استوار رکھا۔
دہلی اردو اکادمی کے وائس چیئرمین پروفیسر شہپر رسول نے کہا کہ خالد محمود خلوص اور انہماک کے مرقع ہیں۔ اس کتاب میں تنوع ہے۔ خالد محمود کے تبصرے بھی بڑے غیر معمولی ہیں۔ ان تبصرے میں بھی خلوص اور انہماک بہت ہے۔ ان مضامین میں خالد محمود پوری طرح موجود ہیں۔
اس موقع خود صاحب کتاب پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ میں اس پروگرام میں عالم تحیر کی اصطلاح کو سمجھ سکا۔ اس عالمی ادارے نے میری کتاب پر مذاکرے کا انعقاد کیا۔ یہ بھی عالم حیرت ہے، میرے احباب نے جس طرح گفتگو کی تو میں نے اپنے اندر اتر کرخودکو دیکھا تو اندر وہ شخص نہیں ملا۔مجھے لگتا ہے کہ مجھے اب ان کی توقعات پر اتر کر دکھانا پڑے گا۔ میں آپ سب کی گفتگو سے سرشار ہوگیا۔ اتنے اچھے اور عمدہ پروگرام کی توقع میں نے نہیں کی تھی ۔
پروفیسر معین الدین جینابڑے نے کہا کہ خالد محمود پر جو کچھ کہا گیا ہے اس سے بہت زیادہ ان کہی باتیں رہ گئی ہیں۔ میں ممبئی میں جب بھی یوسف ناظم صاحب سے ملتاتھا مجھے خالد محمود یاد آتے تھے۔ خالد محمود کے یہاں سنجیدگی اور مزاح نگاری دونوں پائی جاتی ہے۔ اسی لئے میں انہیں مکمل آدمی کہتاہوں ۔اس کتاب کا پہلا مضمون ہی معرکے کا مضمون ہے۔پروفیسر عراق رضا زیدی نے کہا کہ اکیسویں صدی میں اس کتاب کے ذریعہ ایک اہم غالب شناس ملا ہے۔ پروفیسر علی احمد فاطمی نے کہا کہ خالد محمودہمیشہ اپنے دوستوں سے بہت عزت و احترام سے ملتے ہیں۔آپ دوسروں کی تعریف بہت کھلے دل کرکرتے ہیں۔موجودہ دور میں آپ سنجیدہ لکھنے والوں میں سے ایک ہیں۔ شبلی اور حالی پراس کتاب میں لکھا ہواآپ کا مضمون بالکل نئے زاویہ پیش کرتا ہے۔
پروفیسر شہزاد انجم نے کہا کہ خالد محمود جامعاتی تہذیب کی سچی تصویر ہیں۔ لوگوں کے ساتھ عملی طور پر ان کا جو رویہ رہتا ہے اسے بیان کرنا مشکل ہے۔ اس سے پہلے ان کی تقریبا بیس بائیس کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ اگر کسی متن کے ساتھ آپ کا دل جڑا ہوتو اس پر آپ کا اظہار خیال بھی تازہ کار ہوجاتا ہے۔
پروفیسر نسیم احمد، سابق استاد بنارس یونیورسٹی نے کہا کہ خالد محمود واقعی نیک انسان ہیں۔غالب پر آپ کا مضمون اہم ہے۔تدریس غزل اس وقت تک درست نہیں ہوسکتی، جب تک دیوان غالب ومیر درست نہیں ہوتے ۔
معروف فکشن نگار ڈاکٹر خالد جاوید نے کہا کہ خالد محمودکی شگفتگی اور طنز ومزاح خودکو دنیا کے موجودہ حالات سے بچانے کا حربہ ہے۔ خالد محمود کی شخصیت اورتحریرمیں کوئی بعد نہیں ہے ۔ان مضامین کا منافقت سے کوئی تعلق نہیں۔ ہمیں اس کتاب کو بھی پڑھنے کی ضرورت ہے، جس کا نام خالد محمود ہے ۔کتاب میں ایمانداری بہت ہے۔ ان مضامین میں تخلیقیت اور معروضیت ہے۔ اس کتاب میں موجود شبلی سے متعلق مضامین شبلیات میں ایک اہم اضافہ ہے۔
غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر سیدرضا حیدر نے کہا کہ آج کی اس پروقارمحفل میں ہم پروفیسر خالد محمود کی کتاب’ تفہیم و تعبیر ‘پر گفتگو کررہے ہیں۔ آپ کے مضامین اور کتابیں علمی دنیا میں تحسین آمیز نگاہوں سے دیکھی جاتی ہیں۔ پروفیسر خالد محمود جہاں بھی رہے ادارے کا اعتبار بڑھاتے رہے۔مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ کی تاریخ لکھی جائے گی توخالد محمود صاحب کے کارنامے کو یقیناً سراہا جائے گا۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کو بھی آپ سے استفادے کو موقع ملتا رہتاہے۔آپ ایک اہم ادیب کے ساتھ ساتھ ایک ہر دل عزیز انسان بھی ہیں یہی وجہ ہے کہ آپ ہماری ادبی اورسماجی زندگی میں بے پناہ مقبول ہیں۔ اس کتاب میں زیادہ ترمضامین کلاسیکی ادب سے متعلق ہیں۔ غالب کے حوالے سے خالدمحمود کا نقطہ نظر بالکل منفرد ہے۔ مجھے امید ہے کہ جیسے جیسے وقت گزرے گا۔ اس کتاب کی اہمیت میں اضافہ ہوتاجائے گا۔
اس موقع پر راشد جمال فاروقی نے پروفیسر خالد محمود کاخاکہ پیش کیا،جس میں انہوں نے پروفیسر خالد محمود کے اوصاف پر بھرپور روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر خالد مبشر نے پروفیسر خالد محمود پر ایک طویل نظم پیش کی ۔ انہوں نے اس کتاب پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شبلی کے ادبی کارنامے پر کتاب میں موجودمضامین معروضی ہیں۔ فوزیہ رباب نے کہا کہ اس کتاب کی زبان اور اسلوب بہت ہی اہم ہیں ۔نہایت صاف وشفاف انداز میں بات کرتے ہیں۔ان کا اصل جوہر کسی شعر کے تجزیے میں کھلتا ہے۔ شبلی سے خالدمحمود کو خصوصی تعلق ہے۔
ڈاکٹر مشتاق تجاروی نے کہا کہ اس کتاب میں متنوع مضامین ہیں۔ یہ کتاب گویا علمی کشکول ہے۔ کتاب میں بڑی بوقلمونی ہے۔ دل نشیں اور جامع اسلوب ہے۔ پوری کتاب فن مضمون نگاری کی عکاس ہے۔ ہر مضمون اپنے آپ میں ایک گلستاں ہے۔ ڈاکٹر ابوبکر عباد نے کہا کہ خالد محمود صاحب خلیق، شفیق اور مشفق انسان ہیں۔خالد محمود صاحب جب جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدر تھے تو وہ عہد ہر اعتبارسے سنہری تھا۔وہ جہاں رہے کامیاب رہے اور ادارے کو کامیاب کیا۔ اس کتاب کے تمام مضامین اہم ہیں۔اس کتاب میں شبلی کا تقابل غالب سے کیا گیاہے اور یہ نئی دریافت ہے ۔ان کی تحریر میں بھرتی کا ایک لفظ نہیں ہوتا۔ اس موقع پر دہلی کی تینوں یونیورسٹیوں کے اساتذہ ،طلبہ وطالبات اور معززین شہر موجودتھے ۔

English Hindi Urdu